0

جاپان کی پولیو ویکسین خریدنے کیلئے پاکستان کو 45 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی گرانٹ

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) حکومت جاپان نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے میں معاونت کے سلسلے میں ویکسین کی خریداری کے لیے 45 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔اس ضمن میں جاری کردہ بیان کے مطابق جاپانی گرانٹ سے انسداد پولیو ویکسین کی 2 کروڑ 36 لاکھ 60 ہزار خوراکیں خریدی جائیں گی، جس کی مدد سے انسداد پولیو پروگرام ان اضلاع میں موجود 5 سال سے کم عمر بچوں تک پہنچ سکے گا جہاں وائرس بدستور موجود ہے۔گرانٹ کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں یونیسیف کے سربراہ ایدہ گرما نے بتایا کہ گزشتہ برس عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث مارچ سے جولائی تک 3 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے نہیں دیے جاسکے تھے جس سے بچوں کی قوت مدافعت میں کمی آئی۔تاہم حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی گئیں۔بیان کے مطابق جاپان کی گرانٹ کی مدد سے سال 2021 میں ہونے والی انسداد پولیو مہمات میں بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔اس ضمن میں حکومت جاپان، یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسیف)اور جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی(جائیکا) کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہکہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حتی کہ کورونا کی عالمی وبا جیسے سخت حالات میں بھی انسدادِ پولیو مہمات کا کامیابی سے انعقاد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، پاکستان کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی میں مدد دینے کے لیے اس بروقت معاونت پر جاپانی حکومت اور جاپانی عوام کا شکریہ ادا کرتی ہے۔معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ ہم سب مل کر بہت جلد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کو پولیو وائرس سے پاک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔دوسری جانب جاپان کے سفیر میٹسوڈا کونی نوری نے کورونا وبا کے پھیلا کے باوجود انسداد پولیو مہم میں شامل ہونے والے صف اول کے پولیو ورکرز کو ان کی بہادری اور انتھک کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ حکومت جاپان، یونیسیف کے ساتھ مشترکہ کوششوں کر کے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔اس موقع پر جائیکا کے سربراہ شیگے کی فوروٹا نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود انسدادِ پولیو مہمات کا انعقاد حکومتِ پاکستان کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے، اس گرانٹ کے ذریعے یونیسیف پولیو وائرس سے متاثرہ علاقوں کے بچوں کے لیے ویکسین خریدے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ پولیو سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے تاہم ہم سب مل کر اس ہدف کے جلد از جلد حصول کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔سربراہ یونیسیف نے کہا کہ حکومتِ جاپان سے ملنے والی گرانٹ سے انسدادِ پولیو مہمات میں بہتری آئے گی اور بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے ذریعے پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں