0

پاکستان کا عالمی قیام امن کیلئے فنڈ میں 25 ہزار ڈالرعطیہ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان نے مالی مشکلات کے باوجود عالمی قیام امن کیلئے فنڈ میں 25 ہزار ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ عہد دنیا میں قیام امن کی کاوشوں کیلئے ہماری مدد جاری رکھنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے قیام امن فنڈ کیلئے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے پاکستانی دستوں نے دنیا کے 4 براعظموں میں 46 سے زائد امن مشنز میں حصہ لیا، قیام امن کے بنیادی اصول نیشنل اونرشپ کو برقرار رہنا چاہئے، اسی اصول کے مطابق قیام امن فنڈ کی سرمایہ کاری کے تمام فیصلوں کا تعین ہونا چاہئے، اقوام میں پائیدار امن باہر سے مسلط نہیں کیا جا سکتا۔وزیر خارجہ نے قیام امن فنڈ کی حکمت عملی میں تنازعات سے بچاؤ کے ناگزیر پہلو پر توجہ دینے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنازعات ناانصافیوں اور عدم مساوات سے جنم لیتے ہیں، بنیادی انسانی حقوق کی پامالیاں، غیرملکی قبضے، نو آبادیاتی جبر سے تنازعات جنم لیتے ہیں، تسلط کا شکار لوگوں کو استصواب رائے کا حق نہ دینا بھی تنازعات کا باعث ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کورونا سے انتہائی بری طرح متاثر ہوا، عالمی وبا کے باعث پاکستان کا صحت عامہ کا نظام دباؤ کا شکار ہوا، ہماری معیشت متاثر ہوئی اور ہماری مالی گنجائش میں کمی واقع ہوئی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں