0

بٹ خیلہ لیویز پوسٹ میں کھلی کچہری

بٹ خیلہ (مانند نیوز ڈیسک) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک نے جمعرات کے روز بٹ خیلہ لیویز پوسٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمدسمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران اور اہلکاروں کے علاوہ عمائدین علاقہ، عوام اور کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں بٹ خیلہ بازار میں نالیوں کی صفائی و ستھرائی،محکمہ ایریگشن وبجلی کے مسائل،سپورٹس سٹیڈیم کے قیام،بٹ خیلہ خوڑ پر تجاوزات،ماربلز فیکٹریوں کی شفٹنگ وغیرہ کے مسائل سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا جبکہ کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال بٹ خیلہ میں کرسچن اہلکاروں کو بھر تی کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کارلفٹروں کی فوری روک تھام اور ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے کے لیے بٹ خیلہ میں انٹی کار لفٹنگ سپیشل سکواڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد سے عوام اور انتظامیہ کے افسران کے درمیان موثررابطے سے عوامی مسائل کے حل میں اہم پیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کے عوام کے مسائل و مشکلات کو دہلیز پر حل کرنے اور زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہاہے جس کا مقصد عوام کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنا،ان کو دفتروں کے چکروں سے نجات دلانا اور باہمی مشاورت سے موقع پر ان کے مسائل کا حل نکالنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے تمام مسائل پر من و عن عملدرآمد ہوگااور لوگوں کو بھی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران سے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے خادم ہیں اوروہ اپنے دفاتر کے دروازے ہروقت عوام کے لیے کھلے رکھیں تاکہ سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل موقع پر حل ہوں اور انہیں کوئی پریشانی نہ ہو۔انہوں نے اس موقع پر تمام محکمہ جات کے نمائندوں کو یہ بھی ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں پیش کئے گئے مطالبات کے حل کے لیے دیے گئے ٹائم فریم میں حل کریں گے کیونکہ صوبائی حکومت نے کھلی کچہریوں کے ذریعے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے واضح ہدایات دی ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں