0

سی این جی اسٹیشنز میں گیس ناغے میں مزید دو ہفتوں کی توسیع، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن

سوات (مانند نیوز ڈیسک) سوات میں گیس کم پریشر اور سی این جی اسٹیشنز میں ناغے کے حوالے سے اہم اجلاس۔ اجلاس کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت کمشنر افس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ انورالحق، ایس این جی پی ایل سوات کے انچارج میرویس جواد اور سی این جی اسٹیشنز ایسوسی ایشن عہدیداروں سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں گیس کم پریشر کی وجوہات اور سی این جی اسٹیشنز میں گیس کی فراہمی کی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ایس این جی پی ایل حکام کو مربوط حکمت عملی کے تحت سوات میں گیس کم پریشرمستقل بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ایس این جی پی ایل حکام نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو گیس کم پریشر مسئلہ کے حل میں پیشرفت اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایس این جی پی ایل حکام کا کہنا تھا کہ موثر حکمت عملی کے ذریعے سوات کے مختلف علاقوں میں گیس کم پریشر کا مسئلہ حل کر لیا گیا ہے جس میں سیدو شریف قابل ذکر ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ دوسرے علاقوں میں بھی گیس تنصیبات آپ گریڈ کی جارہی ہیں جس سے کم پریشر کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔ ایس این جی پی ایل حکام نے عوام سے بھی اپیل کی کہ گیس کے لئے کمپریسر کے استعمال سے گریز کریں جو کہ کم پریشر کی بنیادی وجہ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی این جی اسٹیشنز میں گیس ناغے میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کی جائے گی۔ فیصلے کی رو سے سی این جی اسٹیشنز صبح اور شام کے وقت پانچ سے نو بجے تک بند رہیں گے۔ اجلاس میں سی این جی اسٹیشنز مالکان نے عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس این جی پی ایل حکام کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں