0

ملاکنڈ میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس ریحان خٹک نے کہا ہے کہ جنگلات انسانی بقاء اور ماحول کو آلودگی سے صاف ستھرا رکھنے میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس لیے معاشرے کے تمام افراد کو چاہیے کہ پہلے سے موجود جنگلات کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ رقبے پر پودے لگانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ڈی ایف او ملاکنڈ کے دفترمیں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی شکیل احمد ایڈ وکیٹ نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے اصلاحات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر معظم خان کے علاوہ محکمہ فارسٹ اور دیگر محکموں کے افسران،نمائندوں اور علاقے کے عمائدین نے بھی شرکت کی۔ڈویژنل فارسٹ آفیسر اصغر خان نے موسم بہار کے شجرکاری مہم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 10 بلین سونامی پراجیکٹ کے تحت امسال ضلع ملاکنڈ میں 22 لاکھ مفت پودے تقسیم کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کی خوبصورتی اور ماحولیاتی آلودگی سے صاف ستھرا رکھنے کے لیے تمام پہاڑی اور میدانی علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائے جائینگے۔ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے آبادی کی وجہ سے ماحول پر برے اثرات کے پڑھنے سے بچنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ رقبے پر جنگلات لگائے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے دوران ضلع ملاکنڈ کے کونے کونے میں لاکھوں کی تعداد میں پودے لگائیں گے۔بعدا زاں ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک اور رکن صوبائی اسمبلی نے اربن ایریا میں شجرکاری کے لیے ٹریڈ یونین اورسول ڈیفنس کے اہلکاروں میں چنار کے پودے تقسیم کیں۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ امسال موسم بہار کی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار اد اکریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے محکمہ فارسٹ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں