0

ہر پاکستانی کو کورونا ویکسین لگانا حکومت کی اولین تر جیح ہے، گورنر پنجاب

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کو کورونا ویکسین لگانا حکومت کی اولین تر جیح ہے۔ پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے۔ انصاف ہیلتھ کارڈ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے۔مشکل تر ین معاشی حالات میں بھی حکومت نے احساس پروگرام کے تحت 100فیصد میرٹ پر 180ارب روپے سے زائدغر یب خاندانوں میں تقسیم کیے ہیں۔ وہ منگل کے روز کنگ ایڈ ورڈ میڈ یکل یونیورسٹی میں ٹیلی میڈیسن پر لکھی جانے والی کتاب کی تقر یب رونمائی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈوارڈ میڈ یکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر اسد اسلم خان، چیئرمین ایچ ای سی پنجاب ڈاکٹر فضل احمد خالد، رجسٹرار کنگ ایڈ ورڈمیڈ یکل یونیورسٹی ڈاکٹر ریاست علی،انچارج ٹیلی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، ڈین پبلک ہیلتھ اینڈ پریونٹیو میڈیسن اینڈ ایڈیٹر ٹیلی میڈیسن کتاب پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا نے معاشی طور پر مضبوط ترین ممالک کی بنیادوں کو بھی ہلا کر رکھ دیاہے اورآج تک امر یکہ اوربر طانیہ سمیت دیگر ممالک میں معاشی بحران موجود ہے مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی حکومت نے نہ صرف پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ غر یب خاندانوں کو راشن کی فراہمی بھی یقینی بنائی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج بھی کورونا کے خطرات موجود ہیں جس کے لئے احتیاط ضروری ہے۔ گور نر نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران پاکستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلپ لائن تجربہ انتہائی کامیاب رہا ہے جس سے لاکھوں پاکستانیوں نے گھر بیٹھے ڈاکٹرز سے طبی راہنمائی لی۔ اُنہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کا ٹیلی میڈیسن سینٹر معیار کے اعتبار سے بہترین ہے اس ضمن میں وائس چانسلر خالد مسعود گوندل کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے جس طر ح فر نٹ لائن پر جنگ لڑی ہے پوری قوم ان ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان ڈاکٹرز اور طبی عملے کے نام سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے جس طرح بطور چانسلر یونیورسٹیوں کی سرپرستی کی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا کے دوران وینٹی لیٹرز کی فراہمی، لوگوں کے لیے راشن اور ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کورونا وال سمیت دیگر اقدامات سے گورنر پنجاب نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں