0

عوام کو گھروں کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کمشنر بنوں

سرائے نورنگ (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر بنوں شوکت علی یوسف زئی نے کہا ہے کہ عوام کو گھر وں کی دہلیزپرسہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے،اس سلسلے میں صوبہ بھر کی طرح لکی مروت میں بھی پوری آبادی کو صحت پلس کارڈ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جبکہ محکمہ مال سے متعلق خدمات کیلئے سروس ڈیلیوری سنٹر پہلے ہی کام شروع کرچکاہے جس سے غریب عوام کو ریلیف مل رہا ہے،وہ ٹاؤن ہال لکی شہر میں کھلی کچہری سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرآر پی او بنوں اول خان، ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالحسیب خان، اے سی لکی مروت عمربن ریاض،اے سی نورنگ امین اللہ خان،ڈی ایس پی عظمت بنگش،ڈی ای او مدراراللہ، اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں مقامی ایم پی اے منور خان،سابق تحصیل ناظم فریداللہ خان میناخیل اور انجینئر امیر نواز خان سمیت عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔شہریوں نے تعلیم،صحت، صفائی و صحت عامہ، مواصلات، بجلی و گیس اور دیگر شعبوں میں درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور ان کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ کمشنر شوکت علی یوسفزئی نے زیادہ تر عوامی شکایات پر موقع پر احکامات جاری کئے اور متعلقہ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ بروقت کاروائی کرکے شہریوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف لکی شہر بلکہ ضلع بھر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اقدامات لئے جارہے ہیں، اس سلسلے میں لکی، نورنگ اور دیگر شہروں میں دس روزہ صفائی مہم شروع کی گئی ہے جس کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں