0

ملاکنڈ میں یوم یکجہتی کشمیر پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی اور صوبائی حکومت کے ہدایات کی روشنی میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب لیویز ہیڈ کوارٹر ملاکنڈ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک،چیئرمین ڈیڈک و رکن صوبائی اسمبلی پیر مصور خان غازی،سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی شاہ راز خان،ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر انوارلحق،اسٹنٹ کمشنرز بٹ خیلہ و درگئی سہیل احمد،محب اللہ خان،ضلعی محکموں کے سربراہان کے علاوہ مختلف سیاسی،سماجی عہدیداروں اور نجی و سرکاری سکولوں کے اساتذہ کرام اور طلباء نے بھی شرکت کی۔ضلع میں سرکاری سطح پر منعقدہ ہونے والی سب سے بڑی اور مذکورہ تقریب میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی غرض سے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پاکستان کا قومی جھنڈا    لہرایاگیا جبکہ اس موقع پر پاکستان اور کشمیری قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اورکشمیر کی آزادی تک پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیری مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانا پاکستان اور کشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کا مظہر ہے اوراسلامی بھائی چارے کایہ لازوال رشتہ ہمیشہ کے لیے قائم رہے گا۔اس موقع پر پیر مصور خان غازی کاکہنا تھا کہ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کردیا تھا اور ہندوستان چاہے جتنا بھی ظلم اور بربریت جاری رکھے پاکستانی کشمیریوں کی محبت اور نظریاتی ہم آہنگی تھوڑ نہیں سکتے اور وہ دن بہت جلد آئے گا جب کشمیر ہندوستان کے ظلم اور تسلط سے آزاد ہوجائے گا۔واضح رہے کہ اس دن کے مناسبت سے ضلع بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں بھی مختلف تقریری مقابلے اور دیگر پروگراموں کا بھی انعقاد کیا گیا اس کے علاوہ مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ریلیاں بھی نکالی۔آخر میں نمایاں کارکردگی پر طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کی گئیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں