0

کشمیریوں کےلئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی، فضل حکیم

سوات(مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پچھلے کئی دہائیوں سے کشمیری عوام بھرپور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے پوری دنیا کے لیے مثال قائم کررہے ہیں اور یہ ثابت کررہے ہیں کہ کشمیر پر بھارتی دراندازی اور غیر قانونی قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے جس مدلل انداز میں کشمیری موقف کو دنیا کے سامنے رکھا ہے اور کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے جس عزم کے ساتھ کشمیر یوں کی آواز کو مزید قوت بخشی ہے اس سے اقوام عالم کو اب یہ حقیقت آشکارا ہوچکی ہے کہ بھارت نہ صرف ناجائز قابز ہے بلکہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں بھی مصروف ہے۔کوئی بھی طاقت کشمیر کو ہم سے الگ نہیں کرسکتا،کشمیر کے لیے ہم تن من دھن کی بازی لگاکر بھی دفاع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیدو شریف میں 5فروری کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  ریلی میں چیف ایگزیکٹو ڈبلیو ایس ایس سی شیدا محمد، پی ٹی آئی ملاکنڈ جنرل سیکرٹری زاہد خان عرف باز خان، پی ٹی آئی ورکرز اور ڈبلیو ایس ایس سی کے افسران و اہلکاروں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے اور مختلف مقررین نے خطاب کیا۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے عالمی طاقتوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق اور حق خود ارادیت کی حمایت کرتی ہے اور یہ حمایت مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں