0

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

سوات (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت ڈویژن میں انتظامی امور کے حوالے سے اہم اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد الرحمن، ڈپٹی کمشنر بونیر نصراللہ، ڈپٹی کمشنر لوئر دیر سعادت حسن، ڈپٹی کمشنر اپر دیر شھاب حامد، ڈپٹی کمشنر چترال لوئر حسن عابد اور دیگر افسران شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کی ہدایت پر خصوصی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور سرکاری نرخ کے مطابق مستحکم رکھنے، صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے، تجاوزات کی روک تھام، سرکاری زمینوں پر قبضہ چھڑانے، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی روکنے، غیر قانونی مائیننگ کی روک تھام اور باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کے انعقاد جیسے اہم امور اجلاس میں زیر بحث ائے۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ ضلعوں کی سطح پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور مستحکم رکھنے کے لئے انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے سرکاری نرخ نامے عوامی مقامات اور بازاروں میں آویزاں ہونے چاہییں اور ان کے مطابق نگرانی بھی ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ شکایات کی صورت میں سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب سرکاری اراضی کے حوالے سے کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیر اسلام کا کہنا تھا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں اور جہاں کہیں قبضے کی صورتحال ہے وہاں کاروائی عمل میں لائی جائے اور سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑا کر اس کی حفاظت اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز کو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ سیاحتی مقامات اور عوامی مقامات پر صفائی کی صورتحال کے حوالے سے جائزہ لیتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات خصوصاً کلام، مالم جبّہ اور کمراٹ میں ماحول کو نقصان پہنچانے والے فضلے کو ٹھکانے لگانے کا مناسب بندوبست کیا جائے۔انہوں نے پولی تھین بیگز کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے ہدایت کی کہ عوامی مقامات اور انتظار گاہوں میں صفائی کی صورتحال کی خصوصی نگرانی کی جائے اور اس سلسلے میں ٹی ایم ایز اور دیگر ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی مقامات کی صفائی یقینی بنائیں۔اجلاس میں کمشنر مالاکنڈ ڈویژن سید ظہیر السلام نے شجرکاری کے لئے بھرپور اقدامات کرنے اور عوامی شرکت یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اس حوالے سے  ان کا کہنا تھا کہ گنجان آباد اور آبادی والے علاقوں میں بھی شجر کاری پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ہدایت کی کہ درختوں کی حفاظت اور جنگلات کی کٹائی روکنے میں بھی متعلقہ محکمے مستعدی سے فرائض انجام دیں۔ اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا معاملہ بھی زیر بحث رہا جس پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کیے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں