0

افسران کو غریبوں کی تکالیف کا احساس کرنا ہوگا، عمران خان

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افسران کو غریبوں کی تکالیف کا احساس کرنا ہوگا، چیف سیکرٹریز  غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کریں، انتظامیہ اشیائے ضروریہ کے مقرر کردہ نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کسان(پھل اور سبزی)منڈیوں کی تعداد میں اضافے اور گندم سے آٹے کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس  سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی و صوبائی وزرا ء پرویز خان خٹک، سینیٹر سید شبلی فراز، مخدوم خسرو بختیار، سردار علی امین خان گنڈا پور، برگیڈئیر (ر)اعجاز احمد شاہ، سید فخر امام، عبدالعلیم خان، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایاکاری عبد الرزاق داؤد،  مشیر  داخلہ و احتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر،  مشیر  ادارہ جاتی اصلاحات اور بچت ڈاکٹر عشرت حسین، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر،   معاون خصوصی  سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل،   معاون خصوصی  ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود خان، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری محمداعظم خان، سیکرٹریز اور چیف سیکرٹریز سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گندم سے آٹے کی پیدا وار میں اضافے کے لئے فلور ملوں میں پسائی کا تناسب  80:20 کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سرکاری سطح پر گندم کی خریداری، ترسیل و سٹوریج کے ضمن میں انتظامی اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ کو اس حوالے سے ایک ہفتے میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فروٹ اور سبزی منڈیوں کے قیام میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں، پنجاب میں منڈیوں کے قیام سے متعلقہ قوانین میں نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم  نے منڈیوں کے قیام کے حوالے سے قوانین اور طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کردی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں