0

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول جاری کردیا

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) سینیٹ انتخابات کے حوالے سے انتخابی شیڈول جاری کردیاگیا۔ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری 2021کوریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریٹرننگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کیلئے ظفر اقبال حسین سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد،صوبہ پنجاب کیلئے غلام اسرار خان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور آفس 10 کورٹ سٹریٹ لاہور۔صوبہ سندھ کیلئے اعجاز انور چوہان صوبائی الیکشن کمشنرسندھ کراچی آفس بلاک نمبر44-A شاہراہ عراق صدر کراچی، خیبرپختونخواکیلئے شریف اللہ صوبائی الیکشن کمشنرخیبرپختونخواپشاور آفس پشاور گالف کلب گیٹ نمبر2 شامی روڈ پشاور کینٹ، بلوچستان کیلئے محمد رازق صوبائی الیکشن کمشنربلوچستان کوئٹہ آفس برگنزہ ویلاز، سٹریٹ نمبر1 نزد زرگون روڈ، کوئٹہ تعینات کئے گئے ہیں۔نامزد امیدواروں کی فہرست 14 فروری 2021 کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 تا 16 فروری2021 ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔جانچ پڑتا ل مکمل ہونے کے بعد ریٹرننگ افسران کی جانب سے  درست قرار دیئے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکئے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 18 فروری2021 مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 20 فروری 2021 مقرر ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری 2021 مقرر ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری 2021کو آویزاں کی جائیں گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد کوئی بھی امیدوار  2 مارچ2021 دن بارہ بجے تک مقابلے سے دستبردار ہو سکے گا۔ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ 2021 کو ہو گی۔سیاسی جماعتوں کو ایک بار پھر یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ اپنے نامزدامیدواروں کو باضابطہ پارٹی سر ٹیفکیٹ جاری کر دیں تا کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ مطلوبہ سر ٹیفکیٹ امیدواروں کی جانب سے منسلک کیا جا سکے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں