0

سینیٹ انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں تو سیع

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواران کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرکے کل (پیر)15 فروری مقرر کر دی،تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے لئے پولنگ3 مارچ کو ہی منعقد ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع امیدواروں کی سہولت کے لئے کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے کاغذات نا مزدگی جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے مطالبہ پر کیا ہے۔الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے سینیٹ کے ممبران کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخابات منعقد کرانے کے لیے 11 فروری 2021 ء کو انتخابی پروگرام جاری کیا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے وقت کی کمی کی وجہ سے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دنوں میں اضافے کی تحریری و زبانی درخواستیں بھی موصول ہوئیں۔ الیکشن کمیشن نے ان تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اور امیدواران کی سہولت کے پیش نظر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کے 15 فروری مقرر کر دی ہے۔ مزید برآں نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری 2021 ء کو آویزاں کی جائے گی۔ جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری 2021 ء کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں ہو گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونل میں اپیل کرنے کی حتمی تاریخ 20 فروری 2021 ء مقرر کی گئی ہے جبکہ ان اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 23 فروری 2021 مقرر ہے۔ ٹربیونل کے فیصلوں کی روشنی میں امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 25 فروری 2021 ء مقرر ہے۔ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پولنگ کے لیے پہلے سے مقرر کردہ تاریخ جو کہ 3 مارچ 2021 ء ہے اس میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں