0

عوام پر پھر بجلی بم گرانے کا فیصلہ، اضافے کی درخواست

 اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے) نے نیپرا بجلی کی قیمتوں میں 92 پیسہ فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے۔ حکومت نے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرانے کا فیصلہ کیا ہے اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی(سی پی پی اے)نے نیپرا میں درخواست جمع کروادی ہے، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں 92 پیسہ فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیاجارہا ہے، سی پی پی اے نے درخواست کی ہے کہ جنوری میں 7 ارب 72 کروڑیونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیداواری لاگت 51 ارب 66 کروڑرہی، بجلی کی پیداوارپرفیول لاگت کا تخمینہ 5 روپے 75 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔سی پی پی اے کے مطابق جنوری میں فیول لاگت 6 روپے 68 پیسے فی یونٹ رہی، 18 روپے 94 پیسے فی یونٹ مہنگی ترین بجلی ڈیزل سے پیدا کی گئی، فرنس آئل سے 12روپے 34پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، ایل این جی سے 8روپے اورقدرتی گیس سے 7روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، 27 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسزکی نذرہوگئی۔نیپرا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق درخواست پر25فروری کوسماعت کریگا، اور منظوری کی صورت میں صارفین پر9ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں