0

کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل‘ الیکشن کمیشن اورفیصل واوڈا کو نوٹس

کراچی (مانند نیوز ڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر اپیل کی سماعت میں الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے۔درخواست گزار قادر مندوخیل کے وکیل رشید اے رضوی نے عدالت میں دلائل دئیے کہ وفاقی وزیر کے دہری شہریت رکھنے سے متعلق دستاویزات کراچی الیکشن ٹریبونل میں پیش کیے ہیں۔جسٹس آغا فیصل نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ فیصل واوڈا کی جانب سے کوئی آیا ہے؟ اس پر فیصل واوڈا کے وکیل حسنین چوہان پیش ہوئے اور بتایا کہ فی الحال مجھے کیس نہیں دیا گیا ہے۔قادر خان مندوخیل نے بتایا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے، ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کئے مگر انہوں نے سننے سے انکار کر دیا۔قادرخان مندوخیل نے عدالت سے اپیل کی کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کیلئے نااہل قرار دیا جائے، اس پر الیکشن ٹریبونل نیالیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردیئے۔الیکشن ٹربیونل نے فریقین سے آج(منگل) تک جواب طلب کرلیا اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو پیش ہوکر وضاحت دینے کا حکم بھی دیا۔واضح رہے کہ قادر خان مندوخیل نے فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی تھی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں