0

پشاور ٹریفک پولیس کی جانب سے آغوش فاؤنڈیشن میں آگاہی سیمینار کا انعقاد

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام آغوش فاؤنڈیشن میں ٹریفک قوانین اور منشیات روک تھام سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اے ایس پی چمکنی زنیر احمد چیمہ، ڈی ایس پی ایجوکیشن ون شازیہ شاہد‘ ڈی ایس پی ایجوکیشن ٹو ناصر خان اور ٹیم نے شرکاء کو آگاہی دی۔ ایجوکیشن ٹیم نے سیمینار کے دوران شرکاء کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراسنگ‘ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول، احتیاطی تدابیر اور منشیات کے نقصانات بارے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے سے منشیات جیسی لعنت کا خاتمہ ناگزیر ہے کیونکہ بڑی تعداد میں نوجوان نسل آئس، چرس اور دیگر منشیات کی طرف راغب ہو رہی ہے جو انتہائی خطرناک اور تشویشناک ہے اس سلسلے میں پشاور پولیس الرٹ ہے اور منشیات فروشوں اور اس کے استعمال میں ملوث افراد کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں اس سلسلے میں سماجی ادارے بھی بھر پور کردار ادا کریں۔ مقررین نے ٹریفک قوانین کے حوالے سے کہا کہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ ڈی ایس پی ایجوکیشن نے شرکاء کو یہ بھی تاکید کی کہ دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و سیکیورٹی کا خاص خیال رکھتے ہوئے صبر و تحمل سے ٹریفک اصولوں کے مطابق گاڑی چلائیں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے ہی حادثات پر قابوپایا جاسکتا ہے منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں