0

ضلع بونیر میں 7 کلو میٹر شوگا ٹو گوکند روڈ کا افتتاح

سوات (مانند نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات وتعمیرات ریاض خان نے کہا ہے کہ عوامی مفادات پرکوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، خود کو عوامی خدمت کیلئے وقف کررکھاہے، اوربلاتفریق عوامی خدمت کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گوکند میں 159.95 میلن تخمینہ لاگت سے 7 کلو میٹر شوگا ٹو گوکندروڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ ایم این اے شیر اکبر خان بھی اس موقع پر معاون خصوصی کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں پی ٹی آئی بونیر کے جنرل سیکرٹری کبیر خان یوتھ صدر سبحان خان پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنماء،قائدین سمیت پارٹی ورکر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ معاون خصوصی ریاض خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرتے ہوئے جو اقدامات اٹھارکھے ہیں اس کی دوررس نتائج برآمد ہورہے ہیں، عوامی حکومت کو جب تک عوام کی حمایت حاصل ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کوئی بھی حکومت ختم نہیں کرسکتی، حکومت کو ختم کرنے کاجوخواب اپوزیشن والے دیکھ رہے تھے وزیر اعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لیکر ان کے خوابوں کو چکنا چور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات عزیز ہیں، جس پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائیگی، قانون سب کے لئے برابرہے، کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں ہے، ترقی اورخوشحالی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دورکاآغازہوچکا ہے، بونیر کی ترقی پر اربوں روپے خرچ ہورہے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بونیر میں ترقیاتی انقلاب برپاہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بونیر کی ترقی کیلئے اربوں روپے منظور کئے ہیں۔ صحت وتعلیم، سڑکوں کی تعمیر، واٹرسپلائی اور بجلی کے منصوبوں پرتیزی کیساتھ کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام نے دوسری بار تحریک انصاف پراعتماد کیاہے، آج بھی لوگ تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس کا واضح ثبوت لوگوں کی تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرناہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں