0

تھانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ہدایات کی روشنی میں بدھ کے روز گورنمنٹ ہائی سکول عادل شہید تھانہ میں ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز سہیل خان کی زیر قیادت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر انوارالحق، اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد کے علاوہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران اور علاقہ کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں عوام نے اپنے درپیش اجتماعی نوعیت اور انفرادی مسائل پیش کئے جن میں پانی کی نکاسی کے نظام،بجلی کے مسائل،ہسپتال،سستے بازار کے قیام،معیار ی آٹے کی فراہمی،تجاوزات اور منشیات فروشی کے خاتمے کے مسائل شامل تھے۔کھلی کچہری سے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر سہیل خان کا کہنا تھا کہ ضلع میں منشیات کا مکمل خاتمہ اور دیگر سماجی برائیوں کے خلاف کاروائی ان کے اہم اہداف ہیں اوراس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لیوی فورس اپنے فرائض صحیح انداز میں سرانجام دیں اور اگر کوئی بھی اہلکار منشیات فروشوں کے ساتھ روابط میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انھوں نے ہدایت کی کہ لیوی اہلکار ہر حالت میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے پابند ہونگے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ میونسپل انتظامیہ صفائی و ستھرائی کا نظام بہتر کرے اور بغیر کسی تعطل صفائی کا بندوبست کیا کریں۔انھوں نے کہا کہ وہ گورنس کے نظام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ضلع میں متعلقہ تھانوں کا از خود دورہ کیا کریں گے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی کوئی شکایت نہ ہو۔انھوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کھلی کچہریوں میں عوام کی جانب سے اٹھائے گئے حل طلب مسائل کو حل کرنے کے نتیجے میں متعلقہ افراد کو فون کے ذریعے مطلع کیا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ بازاروں میں گداگر خواتین کے خلاف اقدامات  اٹھائے جائیں کیونکہ اس روپ میں لوگوں نے کاروبار شروع کیا ہے اور عوام کوبے جا تنگ کیا جاتا ہے۔انھوں نے متعلقہ افسران سے ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں اپنے فرائض و ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ ملے۔آخر میں مقامی عمائدین اور لوگوں نے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کے انعقاد پر ڈپٹی کمشنر اورضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں