0

نیب نے لیگی رہنما مریم نواز کو ایک اور کیس میں طلب کر لیا

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) قومی احتساب بیورو(نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس کے بعد اراضی منتقلی کیس میں بھی 26مارچ کو طلب کرلیا۔ ترجمان نیب لاہور کے مطابق نیب لاہور نے مریم نواز کے نام جاتی امرا میں 1500 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات میں 26مارچ کوطلب کر لیا۔نیب ترجمان کے مطابق مریم نواز پر الزام ہے کہ 2013 میں شریف فیملی نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی، 2015 میں اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ و دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا۔ شریف فیملی کی انتظامیہ سے آپس کی ملی بھگت سے جاتی امرا میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈیکلیئر کروایا گیا ہے۔نیب لاہور کے جاری کردہ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیشی کے وقت تمام مطلوبہ ریکارڈ ہمراہ لائیں جبکہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو ہی چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں بھی طلب کر رکھا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں