0

صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاورسمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا اور جاتی ہوئی سردی پھر سے لوٹ آئی۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ ہوا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے صوبائی دارالحکومت پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہا۔بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت مزید کم ہو گئی۔گزشتہ روز کالام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 جبکہ مالم جبہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ،ایبٹ آباد کاکول میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پارا چنار میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں چوبیس گھنٹوں میں 1 ملی میٹر بارش، مالم جبہ میں 30، پارا چنار میں 25، دوروش میں 21، کالام میں 20، کاکول میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹ گرام، تورغر، کوہستان، چترال، شانگلہ، سوات، بالائی وزیریں دیر، بونیر، ملا کنڈ،باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور،خیبر، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی، کرم، کرک، بنوں،لکی مروت، ڈی آئی خان،ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں اکثر مقامات پرتیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اوربلند پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔اسی دوران چند مقامات پر موسلادار بارش اور بعض مقامات پرژالہ بھی ہوئی۔ہری پور شہراورگردونواح میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔شہرمیں دودن سے ہونیوالی بارش سے جاتی سردی لوٹ آئی اور خنکی میں اضافہ ہوا جبکہ سرد ہواچلنے سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ شہریوں نے نیم کپڑے چادریں اورسویٹرزدوبارہ پہن لئے ہیں۔زرعی ماہرین کے مطابق یہ بارش فصلوں کیلئے بہترین ثابت ہوگی۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آج تک جاری رہنے کا امکان ہے۔جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور اس کے گردنواح میں بھی گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔بارش کے باعث موسم سردہوگیا اور پہاڑی علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو کر رہ گئیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں