0

کامران بنگش کا مانسہرہ میں قائم شدہ نئی پبلک لائبریری کا معائنہ

مانسہرہ (مانند نیوز ڈیسک) معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختو نخوا برائے اعلیٰ تعلیم اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ ریڈرز ہی لیڈر بنتے ہیں لہذا ہمیں اپنی نئی نسل میں ریڈنگ کی عادت کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کرنی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز مانسہرہ میں قائم شدہ نئی پبلک لائبریری کے معائنہ کرنے کے دوران کہی۔ انہوں نے اس موقع پر صوبہ بھر کے عوام خصوصا طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس لائبریری کا بھرپور استعمال کریں اور اس میں موجود کتابوں کو پڑھ کر اسے صرف الماریوں کی زینت نہ بننے دیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لائبریریوں کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور مانسہرہ میں قائم شدہ نئی لائبریری میں بچوں، خواتین اور اسلامی سیکشن کی کتابوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں مطالعہ کی فروغ کے لیے لائبریریوں میں رات کے قیام کی بھی فری سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں ریڈنگ کے فروغ سے ہماری پوری زندگی تبدیل ہو سکتی ہے۔قبل ازیں کامران خان بنگش نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ کی ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اس موقع پر انہیں ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج منڈیاں ایبٹ آباد کا دورہ بھی کیا جہاں پر انہیں ادارے کی غیر معمولی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران باتیں کرتے ہوئے کامران خان بنگش نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیمی اداروں کو بھرپور خودمختاری دے رہی ہے تاکہ وہ آزادی کے ساتھ پھل پھول سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ تعلیمی ادارے اپنے طلباء کے لئے اتنے پرکشش بن جائیں کہ تعلیم کا حصول ان کے لیے لطف اندوز ہوسکے اور روایتی رٹے لگوانے کا سلسلہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوسکے اس موقع پر انتظامیہ نے اپنے معاون خصوصی تعلیم کو اپنے اور اپنے طلباء کے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں