0

عوام کو تمام سہولیات بغیر کسی سفارش کے فراہم کرنا وژن کا حصہ ہے، فضل حکیم

سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ میرا سرمایہ عام لوگ ہیں، میرے لئے امیر غریب سب برابر ہیں ان کے مسائل ذاتی طور پر سنتا ہوں, عوام کے مسائل کے حل میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں،ضلع سوات خصوصاً حلقہ پی کے پانچ میں ترقیاتی کاموں سمیت عوام کو ریلیف کے کاموں کی خود نگرانی کررہا ہوں، موجودہ حکومت نے عوام کی بنیادی ضرورتوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حجرہ مکان باغ میں سابق نائب ناظم انعام اللہ کے ساتھ آئے ہوئے وفد اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، فلاح عامہ کے منصوبوں اور پارٹی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی عملی خدمت میں یقین رکھتی ہے، حکومت لوگوں کو بلاامتیاز تمام ضروریات زندگی فراہم کرنے پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا وژن لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور تمام سہولیات عوام کی دہلیز پر بغیر کسی سیاسی سفارش کے فراہم کرنا ہے جس پر ہم دن رات کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ عوام کو صحت کی معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جس کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں