0

کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول بند

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول 28 اپریل تک بند کرنے کا اعلان کر دیا، نویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے 19 اپریل سے ایس او پیز کے تحت کھلیں گے۔منگل کو کورونا وبا کی تیسری لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  (این سی او سی)کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم و صحت ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کرونا کی تیسری لہر کے باعث کیسز میں اضافہ کا بھی جائزہ لیا گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ملک کا ہر ضلع کورونا وائرس سے زیادہ متاثر نہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں تک کلاسز 28 اپریل تک کے لیے نہیں ہوں گی اور صوبے اس حوالے سے فیصلہ کریں گے کہ کونسے ضلع متاثرہ ہیں اور کہاں یہ لاگو ہوگا، اس حوالے سے مزید مشاورت 28 اپریل کو ہوگی جس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ عید سے پہلے چند کلاسز ہونی چاہئیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت 19 اپریل سے متاثرہ اضلاع سمیت ہر جگہ ہوں گی تاکہ بچے امتحانات کی تیاری کرسکیں۔یونیورسٹیز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں یونیورسٹیز بند رہیں گی اور وہاں آن لائن کلاسز ہوں گی تاہم جو علاقے متاثرہ نہیں وہ معمول کے مطابق اپنا کام کرتے رہیں گے۔امتحانات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کی تاریخ اس لیے بڑھائی گئی ہے تاکہ کورونا کے حالات اس وقت تک تھوڑے بہتر ہوجائیں تاہم امتحانات کو منسوخ نہیں کیا جائے گا، یونیورسٹیز سے بھی درخواست کی ہے کہ وہاں داخلوں کو آگے بڑھایا جائے کیونکہ جب امتحانات دیر سے ہوں گے تو ان کے نتائج بھی دیر سے آئیں گے اور پھر یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے مزید وقت چاہئے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے 85 ہزار بچے او اور اے لیول کے امتحانات دیں گے جس کے حوالے سے تمام صوبائی وزرا نے ان کو جاری رکھنے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کیمبرج کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تمام ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کئی لوگ کہہ رہے ہیں کہ خطے کے دیگر ممالک میں امتحانات نہیں ہورہے یہ درست نہیں، بنگلہ دیش کے علاوہ تمام ممالک میں امتحانات ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچے امتحانات کی تیاری کریں، امتحانات دینے ضروری ہیں اور یہ لازمی ہوں گے اور ایس او پیز کے مطابق ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نظر میں صرف بچوں کی بہتری ہے، کوشش ہے کہ بچوں کے اسکول جلد از جلد کھول دیں کیونکہ ان کی تعلیم کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یار خان، ڈی جی خان، شیخوپورہ کے اضلاع شامل ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں