0

بٹ خیلہ لیویز پوسٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس سہیل خان نے کہا ہے کہ جب تک لوگوں کو ان کے حقوق نہیں ملتے اور ان کے مسائل حل نہیں ہوتے تب تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے اس ضمن میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گاتاکہ غریب لوگوں کو حکومتی ترجیحات کے مطابق ریلیف دیاجاسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز لیویز پوسٹ بٹ خیلہ میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انوارالحق،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد کے علاوہ تمام ضلعی محکموں کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف مسائل اور مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا جن میں زیادہ تر مسائل کا تعلق خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا،گرلز کالج،پولی ٹیکنیکل کالج اور گرلز پرائمری سکول کے لیے مستقل عمارت تعمیر کرنا،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ میں سہولیات کے فقدان،محکمہ صحت،تعلیم،مواصلات و تعمیرات،سوئی گیس،بجلی کی لوڈشیڈنگ، آبنوشی کے بوسیدہ پائیپوں کو ٹھیک کرنا،بجلی کی بوسیدہ تارو کی تبدیلی،ماربلز فیکٹریوں کی بندش اور منشیات سے متعلق مسائل شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل و مشکلات کا من و عن ازالہ کرنا حکومت وقت اور ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ دن رات کام کر رہی ہے۔انھوں نے موقع پر متعدد مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو عملی اقدامات اٹھانے کیلئے ہدایات جاری کئے اور ساتھ ہی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام شکایات و مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔جس کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اور ضلعی محکموں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔انھوں نے سرکاری آٹے کے معیار اور وزن کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ملاکنڈ کو منشیات کے ناسور سے مکمل طور پر چھٹکارا حاصل کرنے اور ہر قسم کی منشیات کی لعنت سے پاک صاف کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں ملاکنڈ کے غیور عوام ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں۔انھوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں عوام کے لیے اسانیاں پید اکرنا اور ان کو زندگی کی بنیادی ضروریات ان کی دہلیزپر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے انھوں نے تمام ضلعی محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دفتروں میں حاضری کو یقینی بنائیں اور لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو بروقت حل کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں بصورت دیگر غیر حاضر ی اور عوام کے مسائل میں عدم دلچسپی لینے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصد سرکاری ملازمین کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا ہے،عوام اور سرکاری ملازمین کے درمیان فاصلے مٹاکر عوامی مسائل کو موقع پر حل کرنا شامل ہے انھوں نے ضلعی محکموں کے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کی پوری اخلاص کے ساتھ خدمت کو یقینی بنائیں ان کے معروضات انتہائی نرمی اوشائستگی سے سنیں اوران کا جلد از جلد حل یقینی بنائیں۔اس موقع پر انھوں نے کھلی کچہری میں غیر حاضر افسروں کو سختی سے تنبہ کی اگر ائندہ کھلی کچہری میں کسی بھی افسر کو بلاجواز غیر حاضر پایا گیا تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر نے لوگوں سے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے کوڈ- 19 کے ایس او پیز پر عملدرامد کرنا،ماسک پہنا اور سماجی فاصلوں کا خصوصی خیال رکھیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں