0

صوبائی مشیر خوراک کا نوشہرہ پبی میں قائم رمضان سستا بازار کا دورہ

پبی (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی مشیر خوراک میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔ موبائل دکان، سستا بازار، کسان مارکیٹس سے عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر گھر کی دہلیز پر دستیاب ہو رہی ہیں۔ مرستیال ایپ کے ذریعے عوام براہ راست حکومت کو اپنی شکایات کے حوالے سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ محکمہ خوراک کا عملہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے 24 گھنٹے ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور کردیا گیا ہے۔ محکمہ خوراک اور انتظامیہ کی جانب سے کوتاہی پر فوری کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ محکمہ خوراک کا عملہ سستے بازاروں سمیت مارکیٹوں اور سبسڈائزڈ آٹا ڈیلرز اور موبائل دکانوں کی کڑی نگرانی کریں۔ جس ضلع سے شکایت موصول ہوئی بلا امتیاز قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نوشہرہ پبی میں قائم رمضان سستا بازار کے دورہ کے موقع پر کیا۔ مشیر وزیر اعلیٰ خلیق الرحمن نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام اضلاع میں فوری طور اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخوں پر دستابی یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی حکومت کی تمام تر مشینری وزیر اعظم عمران خان کے احکامات پر مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ پہلی مرتبہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے وزیر اعظم نے یوٹیلٹی سٹورکارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے سبسٹڈی فراہم کی ہے جس سے عوام کو اشیائے خوردونوش بازار سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 82 سستا بازار اسی مقصد کے لئے قائم کئے گئے ہیں تاکہ وہاں پر عوام کو ضرورت کی تمام اشیاء ایک جگہ پر سرکاری نرخوں پر مہیا ہو۔ صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونین کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ وہ ان بازاروں کی موثر نگرانی کرسکیں۔ اور عوام زیادہ سے زیادہ اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سبسڈائزڈ آٹا سستے بازاروں اور موبائل شاپس کے ذریعے فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون سے صوبے کے تمام اضلاع میں ذخیرہ اندوزوں اور گروں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کریں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے مرستیال ایپ کے ذریعے اپنا فیڈ بیک حکومت تک پہنچائیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی شکایات مرستیال ایپ کے ذریعے حکومت تک پہنچائیں تاکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جاسکیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں