0

کبل کا مصروف ترین بازار کانجو چوک کیچڑ سے اٹ گیا

سوات (مانند نیوز ڈیسک) تحصیل کبل کا مصروف ترین بازار کانجو چوک کیچڑ سے اٹ گیا۔نکاسی کا نالہ عرصہ سے بند۔گندہ پانی روڈکنارے بہنے لگا۔کوئی پرسان حال نہیں۔ گاڑیوں کے گزرنے سے چھینٹیں پڑتی ہیں۔راہگیروں کیلئے عذاب بن گیا۔ تاحد نگاہ کیچڑ ہی کیچڑ۔حکام نوٹس لیں۔عوام کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل کبل کے مصروف ترین بازار کانجو چوک میں نکاسی کا نالہ عرصہ سے بند پڑاہے۔جس سے گندہ پانی ابل کر روڈکنارے بہہ رہاہے۔تاحد نگاہ گندہ پانی بہتاہے جس سے راہگیروں کو سخت مصیبت کا سامناہے۔متعلقہ اداروں کی معنی خیز خاموشی سے عوام مصیبت سے دوچارہیں۔ کانجو سے کبل گاڑیوں کے سٹاپ پر گاڑیوں کے ٹائروں سے کیچڑ میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گاڑیوں میں چڑھتے مسافروں کے جوتوں سے گاڑیوں میں بیٹھے لوگوں کے سارے کپڑے گندے ہوجاتے ہیں جبکہ گاڑی کے چھینٹوں سے بھی بیسیوں لوگوں کے کپڑے گندے ہوجاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بدبو اور تعفن سے بھی شہری پریشان رہتے ہیں۔ خشک سالی میں بھی یہاں پر تالاب بنے ہوتے ہیں جو متعلقہ ادارے کی کارکردگی کا منہ بولتاثبوت ہیں۔گندہ پانی عین دکانوں کے سامنے بہتا ہے جن میں زیادہ تر دکانیں تندور، بیکری، اور ہوٹل یعنی کھانے پینے کی دکانیں ہیں۔ کیچڑ سے جہاں ایک طرف کپڑے گندے ہوتے رہتے ہیں وہاں تعفن اور بدبو کے ساتھ ساتھ بیماریوں کے پھیلاؤ اور مچھروں کی آماجگاہیں ہیں۔ بزرگ شہریوں، بچوں اور خواتین کا گزرنا اس جگہ محال ہے کیونکہ قدم رکھنے کیلئے صاف جگہ نہیں ملتی۔کانجو شہیدبابا پرائمری سکول کے رستے سے شروع ہوکر گندہ پانی ٹاؤن شپ چوک تک روڈ کنارے بہتاہے جو تقریباً300سے400میٹر تک کا فاصلہ ہے۔متعلقہ ادارے کی گاڑیاں روز یہاں سے گزرتی ہیں لیکن از خود اپنے کام کو سرانجام دینے کی آج تک انہیں توفیق نہیں ہوئی۔عوام الناس کی طرف سے متعلقہ ادارے پر انگلیاں اٹھتی ہیں۔عوام الناس نے اعلیٰ حکام سے مذکورہ جگہ کی صفائی کا نوٹس لینے اور عوام کو اذیت سے چھٹکارا دلانے کا مطالبہ کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں