0

رواں سال صحافیوں کیلئے نئے منصوبے لائیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رواں سال صحافیوں کیلئے نئے منصوبے لائیں گے۔۔فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں آزادی صحافت کے عالمی دن پر فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ صحافت کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہدا صحافت نے سچ اور اس عظیم پیشہ کے وقارکو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی آگاہی پھیلانے والے صحافیوں کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صحافی وبا سے بچنے، ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عمل کے لیے باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سچ بولنا تاریخ کا سب سے مشکل کام ہے، دنیا بھر میں صحافیوں نے جان پر کھیل کر سچ بولنے کا فرض ادا کیا ہے، مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دیگر علاقوں کے صحافی سچ لکھنے کے لیے روزانہ کرب سے گزرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانا بھی ہمارا ایجنڈا ہے، حکومت پاکستان آزاد اور ذمہ دار صحافت کو ترویج دینے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی، حکومت ورکنگ جرنلسٹس کے تحفظ اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ اس سال صحافیوں خصوصا ًنوجوان صحافیوں کے لیے نئے منصوبے لائیں گے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں