0

وزیر اعلیٰ کے پی نے صوبائی محکموں میں اصلاحات کا جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کر دیا

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبائی محکموں میں اصلاحات کا جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔تمام محکموں کو اپنے اپنے اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں وزیر اعلیٰ کے لئے تفصیلی بریفنگز تیار کرنے اور وزیر اعلی کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہوں کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں محکموں کو اپنے تنظیمی اور قانونی ڈھانچوں میں اصلاحات کے علاوہ استعداد کار میں بہتری، خدمات کی فراہمی، نگرانی کے عمل میں بہتری، ای گورننس اور دیگر اہم امورسے متعلق تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنی ہدایا ت میں محمود خان نے کہا کہ تمام محکموں کے اصلاحاتی عمل کا ایک ایک کرکے جائزہ لیا جائے گا۔ صوبائی محکموں کے سربراہان اپنے محکموں کے اندر جاری اصلاحات پر ٹائم لائینز کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اصلاحاتی اقدامات کا مقصد محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور خدمات کی فراہمی کے عمل کو عوامی توقعات کے عین مطابق یقینی بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکموں میں اصلاحات موجودہ حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹجی کا اہم حصہ ہیں کیونکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات اور خدمات کی فراہمی حکومتی اقدامات کا محور ہے۔ محمود خان نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تمام محکموں کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہمیں عوامی توقعات پر ہر حال میں پورا اترنا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں