0

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا ضلع ہری پور کا دورہ

ہری پوربائی (مانند نیوز ڈیسک) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے منگل کے روز ضلع ہری پور کا مصروف ترین دورہ کیا۔ اُنہوں نے ضلع میں اربوں روپے مالیت کے تکمیل شدہ متعد د ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، جن میں 25 کلومیٹر طویل ہری پور بائی پاس روڈ4.9 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔34 کلومیٹرطویل لورہ چوک تا کوہالہ بالا روڈ منصوبہ 2.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔گورنمنٹ پائلٹ گرلز ہائی سکول ہری پور سٹی کی بحالی اور ری ماڈلنگ کا منصوبہ 174 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جبکہ 22 کلومیٹر طویل حطار ہری پور روڈ کی ڈوئیلائزیشن کا منصوبہ 3.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جار ہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خان پور تا قرقرام ہائی وے سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔7 کلومیٹر طویل سڑک کا یہ منصوبہ 479 ملین روپے کے تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر عمرا یوب خان، صوبائی وزیر اکبر ایوب خان، سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان اور دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے فلاحی ریاست کے قیام کے وژن کے مطابق عام آدمی کی فلاح کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صحت کارڈ پلس صوبائی حکومت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جو دُنیا بھر میں اپنی مثال آپ رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اس منصوبے کے ذریعے خیبرپختونخوا کے تمام باشندے ملک میں کہیں بھی منتخب شدہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکتے ہیں اور اس پروگرام کی سو فیصد آبادی تک توسیع سے اب تک ہزاروں افراد اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ یہ صوبائی حکومت کا صحیح معنوں میں ایک عوام دوست منصوبہ ہے،جو فلاحی ریاست کی طرف ایک عملی قدم ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اصل مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ صوبائی حکومت سماجی خدمات کے دیگر شعبوں میں بھی عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے متعدد اقدامات کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہری پور کا معیار بلند کیا گیا ہے تاکہ عوام کو اُن کی دہلیز پر صحت کی ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے اس موقع پر ضلع میں ایک نئے میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ہری پور کیلئے 50 لاکھ روپے جبکہ غازی بار کیلئے 15 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہر شعبے سے منسلک عوام کو ریلیف دینے کیلئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ضلع ہری پور کیلئے پولیس کی 640 نئی آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں اُنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پچھلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا، آنے والے انتخابات میں اُس سے بھی زیادہ اعتماد کریں گے کیونکہ موجودہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اُترنے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدے ایک ایک کرکے پورے کئے جارہے ہیں۔محمود خان نے کہاکہ اگلے بجٹ کیلئے صوبے میں اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو آئندہ دو سالوں میں مکمل کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے شعبہ صنعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور صوبے میں متعدد انڈسٹریل زون کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے۔ عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جائے گااور یہ پی ٹی آئی کی حکومت کا منشور ہے۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کے اچھے اقدامات کے بارے عوام کو آگاہی دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ قبل ازیں مقامی وکلاء، تاجروں، صنعتکاروں، علمائکرام، پی ٹی آئی کے کارکنان کے وفود نے ملاقات کرکے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے وزیراعلیٰ نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ان وفود نے ہزارہ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ محمود خان اورصوبائی حکومت کاشکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی ویمن ونگ اور یوتھ ونگ ضلع ہری پور کے علاوہ انجمن تاجران ضلع ہری پور کی نئی کابینہ سے حلف بھی لیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں