0

کورونا ویکسین سرکاری سطح پر عوام کو بالکل مفت لگائی جارہی ہے، چیئرمین ڈیڈیک

سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر عوام کو بالکل مفت لگائی جارہی ہے، ماس ویکسینیشن سنٹر ودودیہ ہال میں بہترین انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ عوام کی سہولت کیلئے قریبی ہسپتالوں اور صحت مراکز میں بھی ویکسین لگانے کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے جہاں سے مقامی آبادی اور سیاح یکساں طور پر استفادہ کر سکتے ہیں۔ فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے عمل کی کڑی نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکل درپیش نہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی محکمہ صحت و ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے مستعدی کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف ہیں، صحت سہولت کو عوام کی دسترس میں لانے اور اس میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے صوبائی حکومت اور محکمے عوامی رائے کو اولین ترجیح کے طور پر لے رہے ہیں اور کسی بھی شکایت پر فوراً کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ودودیہ ہال ویکسینیشن سینٹر کے حوالے سے کچھ عوامی شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر فوراً کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ضلع سوات کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو سنٹر میں سہولیات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کا کہا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایات، سٹاف کی حاضری، سہولیات کی فراہمی اور کرپشن سے متعلق شکایات ڈیڈیک آفس سیدوشریف یا ڈی ایچ او آفس تک پہنچائیں تاکہ بروقت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کوئی بھی سٹاف کرپشن یا عوام کے ساتھ بداخلاقی میں ملوث پایا گیا تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صحت سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے، ادارے اور سٹاف عوام اور خواص میں تفریق کئے بغیر خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں