0

پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا، عمران خان

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا، حکومت کی کوشش رہی کہ موجودہ بجٹ معاشرے کے ہر طبقے کیلئے امید کی کرن ثابت ہو۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال خصوصاً حکومت کی جانب سے پیش کردہ عوامی ترقیاتی بجٹ، بجٹ میں عوام کو پہنچائے جانے والے ریلیف اور خصوصا معاشی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات زیر غور آئے۔پارٹی رہنماؤں نے ایک متوازن، عوام دوست اور معاشرے کے ہر طبقے کے لئے مثبت بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم اور حکومتی معاشی ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس امر پر بے حد اطمینان ہے کہ پاکستان کی معیشت نہ صرف استحکام بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، کورونا کے دور میں جب عالمی سطح پر ہرمعیشت کو سخت دھچکا لگا ہے اور معاشی مسائل پیدا ہوئے ہیں وہاں پاکستان نے کامیاب حکمت عملی سے معاشی سفر طے کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ بجٹ ترقی کا بجٹ ہے جس کا مقصد معاشی استحکام کو نہ صرف مزید مستحکم کرنا ہے بلکہ معیشت کے اہم شعبوں زراعت، انڈسٹری، ہاؤسنگ وغیرہ جیسے اہم شعبوں کو فروغ دینا ہے۔وزیرِ اعظم نے موجودہ حکومت کے اہم اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، صحت کارڈ، ٹین بلین سونامی، سائنس وٹیکنالوجی کا فروغ، تخفیف غربت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے پروگراموں پر خصوصی توجہ دینے کا مقصد ملک کو درپیش چیلنجز پر موثر طریقے سے قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش رہی ہے کہ موجودہ بجٹ میں معاشرے کے ہر طبقے کے لئے امید کی کرن ثابت ہو۔وزیرِ اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ بجٹ کے نکات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں تاکہ غلط فہمیاں پھیلانے والے عناصر کے عزائم ناکام ہوں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں