0

اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے، فواد چوہدری

  اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے، امریکہ کے ساتھ اپنے طریقے سے تجارت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں اور وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ افغانستان میں جنگی فتوحات کے اعلانات شروع ہوئے تو سرحد سیل ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے انٹرویو نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی جہت کا تعین کیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر امید کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے متعلق اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دیں گے جبکہ امریکہ سے تجارت اپنے طریقے سے کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں اور پاکستان نے 1970 میں چین امریکہ تعلقات میں اہم کردار ادا کیا تھا اور آج بھی پاکستان چین اور امریکہ کے درمیا ن تناؤ کم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستا ن موثر کردار ادا کر رہا ہے اور پاک افغان سرحد کے 90 فیصد علاقے پر ہم باڑ لگا چکے ہیں۔ ہم افغانستان میں ایک مستحکم حکومت دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے پاکستان افغانیوں کی مدد کرنا چاہتا ہے، ہم نے افغان طالبان کو پہلے امریکہ اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ کیا۔ افغانستان کا حل اس انداز سے نکلنا چاہیے کہ تمام متحارب دھڑے شامل ہوں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں