0

انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں، اکبر ایوب

ابیٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات، دیہی ترقی و پارلیمانی امور اکبر ایوب خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں جن کا اعلان پورے ملک میں اگلے چند ماہ میں متوقع ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق وہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کہیں بھی میدان اپنے سیاسی حریفوں کیلئے کھلا نہ چھوڑیں وہ اپنے دفتر بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں سابقہ ممبر ضلع کونسل راجہ اسد کے سربراہی میں ہری پور سے آئے ہوئے پی ٹی آئی زعماء کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے علاقے کے بعض مسائل و مشکلات سے انہیں آگاہ کیا اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا وزیر بلدیات نے وفد کے مسائل حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنان بڑے فخر کے ساتھ عوام کے پاس جا سکتے ہیں کیونکہ ہم نے لوگوں کو کھوکھلے نعروں پر ٹرخانے کی بجائے بنیادی سہولیات کی فراہمی پر فوکس کیا ہے ہری پور کیلئے میگا پراجیکٹس کا آغاز بھی کیا گیا ہے جن میں ساڑھے تین ارب روپے کے خرچ سے گریوٹی واٹر سپلائی اسکیم، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ڈیجیٹل سٹی کا قیام، میڈیکل کالج و ڈینٹل کالج کی فزیبلٹی اور اربوں روپے کے دوسرے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں.انہوں نے کہا کہ ہم ضلع ہریپور میں بھی یونین کونسل کے سطح پر کمیونٹی سنٹر اور لیڈیز پارک بنانے جا رہے ہیں تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوانوں کو تفریح کے بھرپور مواقع میسر ہوں انہوں نے کہا کہ ایوب بائی پاس بھی %70 مکمل ہو چکا ہے جو آنے والے چند مہینوں میں %100 مکمل ہو جائے گا اور اس سے اس گنجان شہر میں ٹریفک کا سنگین مسئلہ حل ہوگا اسی طرح حطار روڈ بھی %90 مکمل ہو چکا ہے جس سے اسلام آباد اور ہری پور کے درمیان فاصلہ انتہائی کم ہو جائے گا اور آمد و رفت میں آسانی کے علاؤہ علاقہ صنعتی و معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا.اکبر ایوب خان نے کہا کہ کارکن لوگوں کو حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کریں ہم نے ہری پور میں تمام شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلا دیا ہے رواں سال تقریبا 20 پرائمری اور مڈل سکولوں کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں بجٹ میں مساجد کیلئے سولرائزیشن کیلئے 5 ارب روپے رکھے گئے جس کو بہت جلد عمل میں لایا جائے گا عوام کے صحت ریلیف کیلئے انصاف صحت کارڈ میں کرونا اور جگر کے امراض کے بعد مزید بیماریاں شامل کی جارہی ہیں تاکہ وہ اپنی ضرورت اور مرضی کے مطابق علاج کر سکیں اور غربت انکے علاج میں حائل نہ ہو انہوں نے کہا کہ وہ ہریپور کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انکے ازالے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی گے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں