0

سوات یونیورسٹی اپنے ہی طلبہ کا تعلیمی استحصال کرنے لگی

سوات (مانند نیوز ڈیسک) سوات یونیورسٹی اپنے ہی طلبہ کا تعلیمی استحصال کرنے لگی۔فیسوں کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو امتحانی ہال سے نکال باہر کیاگیا۔ مختلف شعبہ جات میں طلبہ کے ساتھ یہی سلوک کیاگیا۔طلبہ شدید غم و غصہ کی کیفیت سے دوچار۔حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سوات یونیورسٹی میں ہونے والے امتحانات میں طلبہ کو فیس کی عدم ادائیگی پرگزشتہ روزاسلامیات، پاکستان سٹڈیز وغیرہ شعبہ جات میں کمرۂ امتحان سے نکالا گیا۔ متاثر ہونے والے طلبہ نے میڈیاکو بیان دیتے ہوئے کہاکہ پرچہ شروع ہونے سے پہلے فیس کی عدم ادائیگی پر انکوامتحانی ہال سے باہر نکالا گیا اور فیس کی ادائیگی کی شرط پر واپس بٹھانے کا کہاگیا۔انہوں نے کہا کہ فیس جمع کرنے کے بعدجو طلبہ فوری واپس پہنچ گئے وہ ہال میں بٹھائے گئے لیکن دیگر طلبہ جو فیس کیلئے پیسوں کی عدم دستیابی اور دیگر بینک میں رش کی وجہ سے تاخیر سے پہنچ گئے جس کے بعد انکو پرچہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کا پرچہ ضائع ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وبا کی وجہ سے تعلیمی سلسلہ معطل رہا،طبعی کلاسز نہیں لی گئیں جبکہ قسطوں میں فیس کی ادائیگی کی سہولت بھی نہیں دی گئی۔ اس سے پہلے امتحانات میں فیس کی عدم ادائیگی والے طلباء کو پرچہ دینے اور امتحان ختم ہونے کے بعد نتائج،ٹرانسکرپٹ نہیں دیئے جاتے تھے جب تک کہ فیس جمع نہیں کی جاتی تھی جوکہ دیگر جامعات اور سوات یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز بھی یہی کرتے چلے آرہے ہیں۔اس حوالے سے سوات یونیورسٹی کے ترجمان رفیع اللہ خان نے کہا کہ مذکورہ طلبہ کو فیسوں کی عدم ادائیگی پر دو ماہ سے مسلسل نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں جن کی عدم ادائیگی پر انکو امتحانی ہال سے باہر کیاگیا جبکہ تمام تر یونیورسٹیوں کا یہ ضابطہ ہے کہ جب بھی پرچہ کا ایک خاص وقت گزر جاتاہے تب کسی بھی طالب علم کو پرچہ میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب بھی انہوں نے اپنی فیسیں جمع کیں تو ان کو امتحانی ہال میں باقاعدہ بیٹھنے اور پرچہ دینے کی اجازت ہوگی۔پرچہ سے آؤٹ کرنے والے طلبہ میں شدید غم و غصہ پایا گیاہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ ضلع سوات کے ترجمان آفتاب علی نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ کا طلبہ کے ساتھ رویہ بے انصافی پر مبنی ہے اور اگر مذکورہ طلبہ کو امتحان میں بیٹھنے نہیں دیا گیا اور جملہ طلبہ مسائل حل نہ کئے گئے تو اسلامی جمعیت طلبہ بھرپور جدوجہد کرے گی اور طلبہ حقوق کیلئے سخت احتجاج کا راستہ اپنائیگی۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں