0

عید الاضحی قریب آنے پر مویشی منڈیوں کی رونقوں میں اضافہ

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) عید الاضحی قریب آنے پر پشاورکی مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہو گئیں تاہم قربانی کے جانور مہنگے ہونے پر شہری خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنے لگے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش لگ گیا ہے تاہم گزشتہ سال کی نسبت اس سال مویشیوں کی قیمتوں میں 50سے60فیصد تک اضافہ کر دیاگیا ہے اور پچھلے سال جس دنبے اور بکرے کی قیمت 30سے35ہزار روپے تھی اب 55سے60ہزار روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح بیل اور گائے کی قیمتوں میں بھی 40سے50ہزار روپے کا اضافہ کیاگیا ہے۔پشاورمیں رنگ روڈ،ترناب فارم،چارسدہ روڈ،لالہ کلے اور سربند کے مقام پر بڑی مویشی منڈیوں میں خریداری کے لئے آنے والے افراد کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانور انتہائی مہنگے ہو گئے ہیں۔ایک طرف بجلی،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث اس سال انفرادی قربانی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کے ساتھ ہی کرایوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ جانوروں کا چارہ بھی مہنگا ہو گیا ہے اور جس تناسب سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اسی حساب سے جانوروں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں