0

ایبٹ آباد سمیت صوبے بھر کے کالجز میں مکمل کلاس بائیکاٹ کا اعلان

ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) جہانزیب کالج سوات کی نجکاری اور ہائر ایجوکیشن کالجز میں بے جا مداخلت کے خلاف ایبٹ آباد سمیت صوبے بھر کے کالجز میں منگل سے مکمل کلاس بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ اس سلسلے میں ہونے والے خیبر  پختونخوا پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس پروفیسر جمشید خان صدر کپلا اور پروفیسر فیض محمد جنرل سیکرٹری کپلا کی سربراہی میں گورنمنٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ کپلا قیادت نے اس بات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ حکومت کالجز پر مسلسل وار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔  ڈائریکٹر کالجز اور ڈائریکٹر جنرل کامرس کالجز کی سیٹ پر کسی بیوروکریٹ کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔  نیز حکومت بچوں کا وقت ضائع کرنے اور ان کی توجہ پڑھائی سے ہٹانے کے لئے روزانہ مختلف قسم کے شوشے چھوڑ رہی ہے۔ صوبائی حکومت کی طرف سے اعلی تعلیم کے محکمے کو مسلسل تختہ مشق بنایا جا رہا ہے۔ حکومت مختلف خفیہ میٹنگز اور فیصلوں کے ذریعے کالجز کا سروس سٹرکچر تبدیل کرنے اور BOG کے زیرانتظام لانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔  اجلاس میں اس بات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا کہ منظورنظر بیوروکریٹس کو راتوں رات ترقی دے کر نوازا جارہا ہے جبکہ کالج پروفیسرز کے پروموشن کیسیز  عرصہ دراز سے لٹکتے چلے آ رہے ہیں۔ اور اسی سلسلے میں حکومت کی نجکاری پالیسی اور بے جا مداخلت کے خلاف منگل کے دن سے ہڑتال اور کلاس کا بائیکاٹ کا اعلان کیا جاتا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں