0

ضلعی انتظامیہ پشاور کی محکمہ ماحولیات کے ہمراہ کا رروائی

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ضلعی انتظامیہ پشاور نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ کارروائی کر تے ہوئے پشاور کے مختلف علاقوں میں بیشتر دکانوں اور انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں پلاسٹک پولیتھین بنانے والی فیکٹریوں کو سیل کرتے ہوئے منیجرز کو گرفتار کر لیا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر انتظامی افسران نے محکمہ ماحولیات کے افسران کے ہمراہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں پلاسٹک پولیتھین بیگز بنانے والی فیکٹریوں پر چھاپہ مارتے ہوئے 5 فیکٹروں کو سیل کرکے منیجرز کوگرفتار کر لیا۔ انتظامی افسران نے مزید کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ، کارخانو مارکیٹ، دلہ زاک روڈ،اشرف روڈ، صدر اور اندرون شہر بازاروں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران پلاسٹک بیگز کی موجودگی پر افسران نے 41 دکانداروں کو گرفتار کرتے ہوئے 27 دکانوں کو سیل کر دیااور انتظامی افسران نے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد اور دیگر علاقوں میں دکانوں سے 13600 کلو پلاسٹک پولیتھین بیگز کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔واضح رہے کہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک شاپنگ بیگ کی خرید و فروخت نہ کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں موقع پر موجود پلاسٹک شاپنگ بیگ کو قبضے میں لیتے ہوئے مالکان کو جیل بھی بھجوایا جائے گا اور اس ضمن میں تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں