0

کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑوں گا، شیخ رشید

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر مجھے کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑوں گا۔غیر ملکی ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ ان کے لیے بہت چیلنج بھری وزارت ہے،اس میں تو ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے۔ ریلوے میں صرف ٹرین کا ہی حادثہ ہوتا تو بدنامی ہوتی تھی باقی تو نارمل وزارت تھی مگر یہاں 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں 12، 14 سال سے بیٹھے نادرا کے سارے افسران کو تبدیل کردیا تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ ہو، اس کے علاوہ ویزا آن لائن کر دیا، پہلے کوئی 70 ہزار روپے دیتا تھا اور ویزے کا ٹھپہ لگوا لیتا تھا، اب جو بھی آن لائن ویزا اپلائی کرتا ہے، اسے اسی وقت ویزا مل جاتا ہے، وزارت داخلہ میں 3،3 لاکھ افراد کی ویزا درخواستیں پڑی ہوتی تھیں،اب ہمارے پاس ایک ویزا بھی بیک لاک میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں نالہ لئی کی تعمیر ہوجائے تو ان کے سیاسی مقاصد مکمل ہو جائیں گے،وہ چاہتے ہیں نالہ لئی پر ایک اتھارٹی بن جائے، اگر انہیں کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ ابھی دو سال پڑے ہیں لیکن ان کا خیال یہی ہے کہ ریٹائر ہو جائیں، وہ 2018 کا الیکشن بھی میں نہیں لڑ رہے تھے لیکن جب نواز شریف نے یہ کہا کہ یہ شیخ رشید اگلی دفعہ اسمبلی میں نہیں ہوگا تو پھر انہیں مجبورا ًاللہ کی مدد سے یہ لڑنا پڑ گیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں