0

پشاور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاور میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ۔انتظامیہ منظر سے غائب۔غریب عوام کی قوت خرید جواب دے گئی۔آٹے کی 85کلو بوری کی قیمت میں 400روپے اضافہ کر دیاگیا۔نانبائیوں نے روٹی کا وزن کم کردیا۔ ڈبل روٹی20روپے میں فروخت کرنے لگے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاورمیں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیاگیا ہے۔سبزیوں سمیت پھلوں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ آٹا انتہائی کر دیا گیا ہے۔پشاورکے مصروف ترین تجارتی مرکز اشرف روڈ میں 85کلو آٹے کی بوری 400روپے اضافے کے بعد 5800روپے میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا 1150روپے سے بڑھ کر1250روپے کا ہو گیا ہے جبکہ دوسری جانب نانبائیوں نے بھی آٹے کی قیمت میں اضافے پر روٹی کا وزن کم کر دیا ہے اور ڈبل روٹی 20روپے میں فروخت کرنا شروع کر دی ہے۔آٹا ڈیلروں نے آٹے کی قیمتوں میں کمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی ازخود اضافہ کر دیاگیا ہے اور سیب فی کلو 250روپے تک فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ انگور 200روپے اور امرود180روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح ٹماٹراور پیاز60سے80روپے کلو تک پہنچ گئے ہیں۔شہریوں نے انتظامیہ سے مہنگائی کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں