0

۔6 ستمبر کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن باب ہے، عثمان بزدار

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کا دن پاکستان کی دفاعی تاریخ کا روشن اور قابل فخر باب ہے، پاک افواج نے بزدل دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے یوم دفاع و شہدا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک دھرتی کے عظیم سپوتوں نے دفاع وطن کی خاطر بہادری کی بے مثال داستانیں رقم کیں، وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، مکار دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے شہدا آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا ہماری آن، بان اور شان ہیں، پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، 1965 کی جنگ میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے والے غازیوں کو بھی سلیوٹ کرتے ہیں، ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا آج پھر اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے پوری قوم اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں، یوم دفاع و شہدا پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں