0

افغان نگران سیٹ اپ پر ردعمل قبل از وقت ہوگا، فواد چوہدری

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں نگران سیٹ اپ کے اعلان پر ردعمل دینا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے غیر ملکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ افغانستان میں نگراں سیٹ اپ کے اعلان پر ردعمل دینا قبل از وقت ہوگا اس لیے ہمیں کچھ انتظار کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں میڈیا سے معلوم ہوا کہ سی آئی اے کے سربراہ کابل میں تھے اور میڈیا رپورٹ سے ہی پتہ چلا کہ ترکی اور قطر کی انٹیلی جنس کے سربراہان بھی کابل میں تھے اور اگر ہم وزیر خارجہ کو کابل بھیجتے تو وہاں کس سے ملاقات کرتے کیونکہ وہاں وزیرخارجہ نہیں تھے، باضابطہ حکومت کی عدم موجودگی میں ایسے فریم ورک کی ضرورت ہوتی ہے جہاں دونوں ممالک درپیش مسائل پربات کرسکیں، کابل میں باضابطہ حکومت کی عدم موجودگی میں انٹیلی جنس ادارے ایسے فریم ورک تشکیل دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان کے ساتھ داعش، پناہ گزینوں اور ٹی ٹی پی کی افغانستان سے مائیگریشن کے مسائل کا سامنا رہا ہے، پاکستان نے طالبان کے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں سہولت فراہم کی، افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کو انخلا میں پاکستان نے مدد فراہم کی، ہم نے افغانستان میں پھنسے ہزاروں لوگوں کو نکالا، افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کی ہماری کوششوں کو دنیا نے سراہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2007 اور 2011 میں ہم جو کہہ رہے تھے وہ صحیح ثابت ہوا، اگر اس وقت ہماری بات مان لی جاتی تو آج افغانستان میں صورتحال مختلف ہوتی، افغان جنگ میں ہمیں 80 ہزار جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا، ہمارا 150 ارب کا معاشی نقصان ہوا، بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پروپیگنڈاکر رہا ہے اور بھارتی میڈیا نے ویڈیو گیم میں لڑائی کو دکھایا، بھارتی میڈیا نے ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ پنجشیر میں پاکستان نے کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے تمام ٹاک شوز میں پنجشیر کی کہانی بنائی گئی اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت میں مارکیٹنگ ایجنسیاں کس طرح کام کرتی ہیں۔ بھارت کے گھناؤنے اقدامات سے عام آدمی پروپیگنڈے سے متاثر ہوتا ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں