0

سابق کپتان رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب

 لاہور (مانند نیوز ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے 36 ویں چیئرمین منتخب ہوگئے۔پیر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عظمت شیخ کی جانب سے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں رمیز راجہ کے مقابلے میں کوئی امیداوار اس عہدہ پر سامنے نہیں آیا جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے رمیز راجہ کی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بننے کا باقاعدہ اعلان کیا۔گورننگ بورڈ کے اس اجلاس میں اسد علی خان، جواد قریشی، عاصم واجد جواد،عارف سعید اوعالیہ ظفر نے شرکت کی،صوبائی ایسوسی ایشن کے انتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی منتخب نمائندہ اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی اس اہم اجلاس کا حصہ تھے۔ اجلاس کے شرکا نے رمیز راجہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جس کے بعد انہوں نے چیئرمین کی کرسی پر بیٹھ کرچیف الیکشن کمشنر اور بورڈ ممبران کا شکریہ اداکیا۔ رمیزراجہ نے کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل کے پلانز پر روشنی ڈالی۔سابق کپتان عبدالحفیظ کاردار اور جاوید برکی کے بعد یہ عہدہ سنبھالنے والے چوتھے کرکٹر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بننے کا اعزاز سابق بیوروکریٹ، ججز، جرنیل، سفارتکار معروف تاجر و سیاستدانوں سمیت کرکٹرز نے پایا، تمام تجربات کے بعد ایک بار پھر کرکٹر کو چیئرمین بنا دیا گیا۔ کرکٹ سے وابستہ افراد کو بورڈ کی ذمہ داری سونپی گئی۔سابق ٹیسٹ کرکٹرز میں رمیز راجہ سے پہلے لیجنڈری عبدالحفیظ کاردار، جاوید برکی اور اعجاز بٹ بطور چیئرمین خدمات پیش کر چکے ہیں۔ بحیثیت کپتان یہ چیلنج قبول کرنے والے رمیز راجہ تیسرے خوش نصیب ہیں۔ پہلے ٹیسٹ کپتان مئی 1972 سے اپریل 1977 تک سربراہ رہے جبکہ جاوید برکی جنوری 1994سے مارچ 1995کے عارضی و عبوری عرصہ کے لیے چیئرمین رہے۔نئے چیئرمین میں سابق کرکٹر، کپتان، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی، موجودہ کمنٹریٹر، نقاد اور مبصر کی خوبیاں شامل ہونے کے باعث رمیز راجہ پر زیادہ توقعات ہیں۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں