0

غیر معیاری ترقیاتی کاموں میں ملوث افسران ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی،کمشنربنوں

میرانشاہ (مانند نیوز ڈیسک) کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ غیر معیاری ترقیاتی کاموں میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے ساتھ کوئی رو رعایت نہیں ہوگی۔۔انہوں نے بنوں ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر خود نظر رکھیں اور شکایات کی صورت میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز سے انکوائری کرائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد زبیر خان نیازی، ڈپٹی کمشنر لکی مروت اقبال حسین،ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان شاہد علی خان،ایکسیئن محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ضلع بنوں،لکی مروت اور شمالی وزیرستان، ایکسئین محکمہ ایریگیشن اور پبلک ہیلتھ، پراجیکٹ ڈائریکٹر باران ڈیم، ڈویژن بھر کے تحصیل میونسپل کمیٹیوں کے حکام، محکمہ تعلیم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز میل و فیمیل کے علاؤہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تکمیل کیلئے خاص کر محکمہ تعلیم میں جاری کام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے بجائے خود مانیٹرنگ اور کام کے تکمیل کیلئے متعلقہ محکمے اپنے کام جاری رکھے تاکہ پیچیدگیاں دور کیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکسی بھی منظور شدہ سکیم کیلئے فنڈ کی کمی کا سامنا ہے۔تو وہ متعلقہ ایم پی ایز کو بروقت آگاہ کرکے فنڈ کے مہیا کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں شہری علاقوں میں سڑکوں کی کشادگی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی کشادگی بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں خطوط کے تبادلے کی بجائے آمنے سامنے بات چیت کیا کریں کیونکہ سارے دفاتر نزدیک واقع ہیں تاکہ منصوبوں کی تکمیل بروقت ممکن ہو۔اس موقع پر بنوں ڈویژن کے متعلقہ محکموں کے سربراہان نے اجلاس کو تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔قبل ازیں کمشنر بنوں ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے واضح ہدایات جاری کیں کہ چھوٹے منصوبوں کی تکمیل پر کام جاری رکھتے ہوئے میگا پروجیکٹس کی تکمیل کو فوکس رکھیں اور اپنی فرائض کی انجام دہی پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے عوامی مفاد کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر توجہ مرکوز رکھیں۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں