0

کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان 5 سال پورے کرینگے، شیخ رشید

اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے، وہ 5 سال پورے کریں گے۔مریم نے دھوبی گھاٹ میں فوج کو ڈسکس کیا، سیاست میں  مریم نوازکے ساتھ دھوبی گھاٹ جیسا سلوک ہوگا۔۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے اتوار کے روز اسلام آباد میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وفات پر ان کی بیٹی ڈاکٹر دینا سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے میرا بہت تعلق تھا اس لیے میں راولپنڈی میں 60تعلیمی ادارے او ر تین خواتین کی یونیورسٹیاں بنائی ہیں اور نالالئی اور رنگ روڈ بھی منظور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کا کہ میں نے ڈاکٹر دینا سے درخواست کی ہے وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے مقبرے کا ڈیزائن بنا دیں کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش تھی اور ان کی ہدایت پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو قومی اعزاز کے ساتھ دفنایا گیا، عمران خان کی خواہش تھی کی ان کی  فیصل مسجد کے ساتھ تدفین ہو لیکن یہ ان کے خاندان کا فیصلہ تھا اور جب یہ نقشہ دیں گے تو سی ڈی اے فوری طور پر ایچ ایٹ قبرستان میں ان کے مقبرے کی فوری طور پر تکمیل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر گزشتہ روز کی مریم نواز شریف کی تقریر سے عمران خان کا نام نکال دیا جائے تو اس میں کیا تھا، وہ عمران خان کی الٹی گردان پڑھ رہی تھی اور کہہ رہی تھی نواز شریف خون کے آنسو رورہا ہے، صبح سوموار کے روز وزارت داخلہ کھلتی ہے تو میں اجازت دیتا ہوں، وہ مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں، جس طرح منصوبہ کے ساتھ وہ لندن گئے وہاں ان کو خون کے آنسو رونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے جس طرح مریم نواز نے دھوبی گھاٹ میں فوج کو ڈسکس کیا، میں سیاسی کارکن ہونے کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ جب آپ فوج کو چوکوں اور چوراہوں میں اور دھوبی گھاٹ اور موچی دروازے میں ڈسکس کریں گے تو پھر یاد رکھنا سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔ ملک میں عمران خان کی حکومت کو سوا تین سال ہو گئے ہیں، آپ اب کوئی سیاسی اکھاڑ،پچھاڑ کر کے، جوڈوکراٹے کر کے اپنی سیاسی قبر کھودیں گی اور پانچواں سال الیکشن کا سال ہوتا ہے، سواتین سال عمران خان کی حکومت کو ہو گئے ہیں اور دیکھتے، دیکھتے یہ چار سال بھی ہوجانے ہیں اور پانچویں سال ہر آدمی اپنے حلقے میں ہوتا ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے جو اپنے حلقے کے لوگوں سے 60تعلیمی ادارے اور تین یونیورسٹیاں، نالا لئی اور رنگ روڈ اور ماں بچہ ہسپتال سب مکمل ہونے جا رہے ہیں، یہ اس مولا کا کرم ہے ہم اس قابل نہیں تھے۔ جہاں تک سیاست ہے میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے، گزشتہ دسمبر میں آپ نے کہا تھا اسلام و علیکم  کل عمران خان جارہے ہیں، گزشتہ روز پھر کہا جارہے ہیں، کہیں نہیں جارہے، اللہ کے حکم اور نبیﷺ کے صدقے عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اور اگلا الیکشن ہے اس کے لئے تیاری کریں گے اور فیصلہ قوم نے کرنا ہے۔ آج مہنگائی ہے، ساری دنیا میں تیل کی قیمتیں اور کھانے کے تیل کی قیمتیں جس طرح بڑھی ہیں، پاکستا ن بھی اس کے دائرے میں آیا ہے، انشاء اللہ تعالیٰ پوری کوشش کریں گے اگر اللہ کو منظور ہوا  کہ اس پر قابو پایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک قومی ہیرو تھے، عمران خان کی ہدایت پر انہیں قومی اعزاز کے ساتھ دفنایا گیا، ہم نے تدفین کے سارے انتظامات فیصل مسجد میں کئے تھے لیکن دینا خان نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وصیت تھی کہ انہیں ایچ ایٹ قبرستان میں دفن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈالرز کی ایجنسیز چلانے والے34افراد کو ہم نے اٹھایا ہے اور چار، پانچ بڑی ایکس چینج کمپنیوں کا آڈٹ کروارہے ہیں جو اس کا نتیجہ نکلا وہ قوم کے سامنے لائیں گے۔ افغانستان کے جو حالات ہیں، ہمارا ڈالر اس کی نذر ہوا ہے اور کافی بڑی مقدار میں وہ افغانستان چلا گیا ہے لیکن ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ منی چینجر زسے  یہ سارا مسئلہ مناسب طریقہ سے حل کریں۔ایک سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ مریم نواز شریف نے جو ادارے کا نام لیا ہے وہ کم عقلی ہے، یہ سیاسی ناپائیداری ہے، عمران خان کی حکومت جانے میں بھی ان کی بہت بڑی کنٹری بیوشن ہے اور عمران خان خوش قسمت ہے کہ اس کو ایسی نالائق، نکمی، نکھٹو اور معاملہ فہمی سے عاری اپوزیشن ملی ہے۔اس وقت جلسہ کرنا جب سارے خطہ میں دہشت گردی کی لہر ہے اور میں خود تو بلٹ پروف ڈی ٹینٹ ٹویلو کی گاڑی میں بیٹھوں گا اور لوگوں کو چاہوں گا کہ وہ میری گاڑی پر لٹکیں اور مسئلے پید اہوں اور گزشتہ روز جو کچھ مریم نواز نے کہا وہ سیاسی ناپائیداری اور غیر دانشمندی کی زبان پاک فوج کے عظیم ادارے کے خلاف استعمال کی ہے۔ ہم خندہ پیشانی سے حالات کا مقابلہ کررہے ہیں اور مقابلہ کریں گے اور اللہ کے حکم اور نبیﷺ کے صدقے سے عمران خان پانچ سال پورے کرے گا۔  

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں