0

جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف ہفتہ واراحتجاج کے شیڈول کا اعلان کردیا

لاہور (مانند نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بے روزگاری اور عوامی مسائل کے حل کی خاطر 17اکتوبر سے 24اکتوبر تک ہفتہ احتجاج منایا جا رہاہے۔جس میں مہنگائی کے ستائے غریب عوام پور شرکت کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری کی ہدایت پر تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ جماعت اسلامی اہم مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ضلعی سطح پر سول سوسائٹی، تاجروں، مزدوروں، کسانوں، وکلاء، ٹرانسپورٹرز و معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں کے ساتھ مل کر گول میز کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔ جن میں حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں، آئی ایم ایف کے خلاف اور جان لیوا مہنگائی کے خلاف قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ امیر ضلع، امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اضلاع اور حلقوں میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔ 22 اکتوبر بروز جمعہ کو نمازجمعہ کے بعد بھر پور احتجاج کا اہتمام کیا جائے گا۔ محمد جاوید قصوری کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق24اکتوبر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز پر مہنگائی کے خلاف عوامی قوت کے ساتھ احتجاجی ریلیوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا  جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کارکنوں اور ذمہ داران کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا۔ محمد جاوید قصوری نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں اس حوالے سے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت پر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ہم وزیر اعظم کو عوام سے کیے وعدے یاد دلاتے رہیں گے۔ حکمرانوں نے ملک و قوم کے ساتھ جھوٹ بولنے کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں