0

ایس پی ایس سکول بٹ خیلہ میں جشن عیدمیلادالنبی کی تقریب

ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس الطاف احمد شیخ نے کہا ہے کہ سیرت پاک ﷺ میں تمام انسانیت کے لیے مکمل رہنمائی موجود ہے اور ہمیں عملی زندگی میں اسوہ حسنہ سے بھرپور استفادہ کرنا چائیے تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ حضوراکرم ﷺ کی تعلیمات رہتی دنیا کیلئے مشعل راہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ایس پی ایس سکول بٹ خیلہ میں جشن عید  عیدمیلادالنبی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انوارلحق،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ محب اللہ خان،ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر معظم خان کے علاوہ مختلف پرائیوٹ سکولوں کے اساتذہ کرام،طلباء و طالبات اور علمائے کرام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ تقریب سے چیف خطیب ضلع ملاکنڈ مولانا محمد اسحاق،ڈائریکٹر پرائیوٹ ریگولیٹری اتھارٹی خیبرپختونخوا انیلہ فہیم اور اکسفورڈ ایجوکیشن اکیڈمی بٹ خیلہ کے ڈائریکٹر امجد علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ ہم حضورنبی اکرم ﷺ کے نقش قدم پر چل کرہی دونوں جہانوں میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب تاجدار مدینہ حضرت محمد ﷺ کوتمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا ہے اور آپؐ کے اس دنیا میں آنے سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے۔مقررین نے کہا کہ امام الانبیاء سرکار کائنات رحمتہ اللعالمین ﷺکی ولادت باسعادت امت مسلمہ کیلئے اللہ تبارک و تعالیٰ کی تمام نعمتوں سے بڑی نعمت ہے اور نبی اکرم ﷺ نے ہمیں تعلیم حاصل کرنے کا درس دیا ہے۔تقریب کے آخر میں ضلع بھر کے مختلف پرائیویٹ سکولوں میں عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں نعت خوانی اور تقاریر وں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیں۔واضح رہے کہ ضلع ملاکنڈ جشن عید میلادلنبی ﷺ کو پورے عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا گیا اور اس سلسلے میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں