0

پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا

  اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگاتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔افواج پاکستان نے بھارت کی ایک اور چال کو ناکام بنا کر اس کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور اس مرتبہ یہ کارنامہ پاک بحریہ نے انجام دیا ہے جس نے جاسوسی اور جنگی مقاصد سے چوری چھپے پاکستان کی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والی بھارتی آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔16 اکتوبر کو بھارتی آبدوز پاکستانی سمندری حدود کے قریب موجود تھی اور پاکستان بحریہ کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھی تاہم پاک بحریہ کے طیارے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی آبدوز کا پتہ لگایا اور اسے پاکستانی حدود سے بین الاقوامی سمندر میں دھکیل دیا۔بھارتی بحریہ اپنی آبدوزوں کو پاکستان کے خلاف تعینات کر رہی ہے لیکن سمندری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے سخت نگرانی جاری ہے، یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے سراغ لگایا گیا، حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے عزم کاعکاس ہے۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بھارتی آبدوز کا پیشگی سراغ لگانے پر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کوخراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی آبدوزکا سراغ لگانے پر پاک بحریہ کوسلام پیش کرتا ہوں، ملکی دفاع میں پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کاپہلے ہی بہت معترف ہوں، رواں ماہ آبدوز حمزہ کے دورے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں پر میرا یقین مزیدپختہ ہوگیاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت شاید بھول بیٹھا تھاکہ پاک بحریہ بھی دیگر فورسز کی طرح ہمہ وقت چوکس ہے، دنیا بھارت کی پاکستان مخالف جارحیت کا نوٹس لے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود میں دخل اندازی کی مسلسل تیسری کوشش تشویش ناک ہے، عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے آبدوز کی دخل اندازی کے مسلسل واقعات کو بھارت کے جارحانہ عزائم کا پردہ چاک ہونے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا جان لے کہ جارحانہ عزائم کے خلاف ہر پاکستانی اپنے دشمن کے لئے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ انہوں نے بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام کیا بلکہ انہیں بے نقاب بھی کیا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں