0

حکومت نے الیکشن کمیشن کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی باضابطہ درخواست کر دی ہے، کامران بنگش

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں ہر لحاظ سے مکمل کرلی ہیں اور اس مقصد کیلئے نہ صرف جامع انتظامات کئے ہیں بلکہ ان انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو باضابطہ درخواست بھی کر دی ہے جمعرات کو محکمہ اطلاعات کے اطلاع سیل میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت نے لوکل کونسل انتخابات کے حوالے سے تین صفحات پر مشتمل مراسلہ خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کو بھیج دیا ہے ہماری حکومت آئین کے آرٹیکل 140A  کے تحت صوبے میں لوکل کونسل انتخابات منعقد کروانا چاہتی ہے اور اس کیلئے موثر تیاری بھی کر لی ہے کامران بنگش نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے انتخابات کے کامیابی سے انعقاد کیلئے مالی اور لاجسٹک طور پر بھی مکمل تیاری کی ہے صوبائی محکمہ بلدیات و دیہی ترقی نے حلقہ بندی کا کام پہلے ہی مکمل کیا ہے ان تیاریوں اور انتظامات کیلئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کافی عرصہ پہلے واضح ہدایات جاری کی تھیں کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو دو مرحلوں میں انتخابات کروانے کی تجویز پیش کی ہے پہلے مرحلے میں 15 دسمبر 2021ء کو ولیج کونسل اور نیبرہوڈ کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا جس کے تحت پورے صوبے میں 4,201 ولیج کونسل اور نیبر ہوڈ کونسل کی سطح پر الیکشن کروائے جائیں گے ہر نیبرہوڈ اور ویلیج کونسل میں سے آٹھ ممبران پر مشتمل کونسل بنائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 25 مارچ 2022ء کو تحصیل کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا کامران بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ انتخابات کے انعقاد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے انہوں نے کہا کہ پچھلے ٹرم کے اختتام سے ہی صوبائی حکومت نے انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنی تیاری شروع کر رکھی تھی انہوں نے صوبے کے غیور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور لوگوں کے بنیادی شہری مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کا نظام کامیابی سے ہم کنار ہو انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے کامیابی سے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کا عزم دہرایا۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں