0

برطانیہ میں دو ٹرینوں میں تصادم، متعدد افراد زخمی

لندن (مانند نیوز ڈیسک) برطانیہ میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ برطانیہ کے جنوبی شہر سالسبری کے لندن روڈ کے ریلوے سٹیشن پر پیش آیا جس میں اب تک 17 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق واقعہ شام سات بجے کے قریب پیش آیا جس میں ایک ٹرین ٹنل سے ٹکرائی جس کے بعد دوسری ٹرین سگنل کے مسائل کی وجہ سے متاثرہ ٹرین سے جاٹکرائی۔حادثے کے نتیجے میں ایک ٹرین ڈرائیور کو فوری طورپر نکال کر  ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ حادثے میں زخمی دیگر افراد بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔حادثے میں زخمی ایک شخص نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرین میں ایک دم اندھیرا چھا گیا جس کے بعد لوگوں میں خوف پھیل گیا اور انہوں نے چیخ و پکارشروع کرتے ہوئے بھاگنا شروع کردیا۔پولیس نے کہاکہ حادثے کے بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ ہیلی کاپٹرز نے بھی ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا۔حادثے کے نتیجے میں علاقے میں فی الحال ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا جبکہ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے حادثے میں کسی ہلاکت کے نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خبر پر آپ کی رائے

اپنا تبصرہ بھیجیں