0

پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاور میں گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہو گیا۔15کلو سلنڈر کی قیمت1700روپے سے بڑھا کر3500روپے کر دی گئی جبکہ گیس لوڈشیڈنگ سے فی خاندان کے صرف گیس اخراجات 1500روپے سے بڑھ کر 5ہزار روپے ماہانہ تک پہنچ گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاورمیں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا جہاں سامنا کرناپڑرہا ہے وہیں ایل پی جی کاروبار سے وابستہ دکاندار بھی شہریوں کو دونو ں ہاتھوں سے لوٹنے لگے ہیں۔شہریوں نے متبادل کے طور پر گیس سلنڈر استعمال کرنا شرو ع کر دیا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ کر دیاگیا ہے اور پشاورمیں ایل پی جی فی کلو کے حساب سے مختلف نرخوں پر فروخت ہورہی ہے۔15کلو والا سلنڈر جو پہلے 1700روپے میں بھرا جاتا تھا اب اس کی قیمت3500روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ گیس نہ ہونے کے باوجود صارفین کی جانب سے بھاری برکم بلوں کی شکایات بھی عام ہو گئی ہیں۔دوسری جانب سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور ایل پی جی کی مانگ بڑھنے سے فی خاندان کا صرف گیس کا خرچ 1500روپے سے بڑھ کر 5ہزار روپے مہینے تک پہنچ گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کارروائی نظر نہیں آرہی جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں